فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز ایسوسی ایشن کو 25 دسمبر سے قبل آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لئے تجاویزچیمبر آف کامرس کو بھجوانے کی ہدایت
فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو 25دسمبر سے قبل اپنی تجاویز تحریری طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو بھیج دیں تاکہ اُن کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کرانے کی کوشش کی جا سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ بجٹ کیلئے ترجیحا اہم ترین تجاویز دیں تاکہ ان پر پوری طرح غور وخوض ہو۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے دروازے چیمبر کے ہر ممبر کیلئے کھلے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ چیمبر کی سرگرمیوں کا علم ہر ممبر کو ہو۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر کے جتنے بھی صدور آئے انہوں نے ہر ممکن طریقے سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کی سعی کی۔ انہوں نے عالمی معاشی تناظر میں پاکستان کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ دستیاب ڈیٹاکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کی روشنی میں کاروباری معاملات میں مزید سختی متوقع ہے۔ اس لئے ہمیں ابھی سے اپنے معاملات کو صاف اور شفاف بنانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کو مکمل طور پر ای چیمبر بنانے کےلئے کوششیں جاری ہیں، اس سلسلہ میں ایک نجی کمپنی سے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے چیمبر کے پلیٹ فارم سے ممبران کو ملنے والی مراعات کا بھی ذکر کیا
اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سے کہا کہ وہ ان سہولیات بار ےتمام ضروری اطلاعات ایسوسی ایشن کو دیں تاکہ یہ اس کو اپنے ممبران میں سر کولیٹ کر سکیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے مختلف ممبران کی طرف سے کئے گئے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ اس سے قبل ایسوسی ایشن کے صدر خرم شہزاد نے ریحان نسیم بھراڑہ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اپنے مسائل بھی پیش کئے۔