کاروباری

معاشی استحکام کے بعد جامع وپائیدارنموکی طرف سفرکاآغازکر دیا گیاہے، نجی شعبہ کو کاروباراورسرمایہ کاری کے حوالہ سے قیادت کرنا ہو گی،وزیرخزانہ ومحصولات کاکانفرنس سے خطاب

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ معاشی استحکام کے بعد اب جامع وپائیدارنموکی طرف سفرکاآغازکیاگیاہے، کاروباراورسرمایہ کاری کے حوالہ سے نجی شعبہ کوملک کی قیادت کرنی ہے، مورگیج فنانسنگ کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی اورفورتھ کلوژر ضروری ہے۔بدھ کویہاں پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی( پی ایم آر سی) کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاشی استحکام سے اب جامع وپائیدارنموکی طرف سفرکاآغازکیاگیاہے،گزشتہ 14ماہ کے دوران حکومت نے معاشی محاذ پرمثبت پیش رفت کی ہے،حسابات جاریہ کے کھاتوں اورمالی خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے،حسابات جاریہ کے کھاتے گزشتہ کئی ماہ سے فاضل جارہے ہیں،ملکی کرنسی مستحکم ہے، زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہورہاہے،امپورٹ کوردوہفتوں سے بڑھ کرڈھائی ماہ کاہوچکاہے،اس سال کے اختتام تک ہمارے پاس تین ماہ کی درآمدات کیلئے زرمبادلہ دستیاب ہوگا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ مہنگائی کی شرح کم ہوگئی ہے، نومبرمیں مہنگائی کی شرح 78ماہ کی کم ترین 4.9فیصد کی سطح پرآچکی ہے،کائبور13فیصدکے قریب ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔شرح سود میں کمی سے صنعتوں اورکم لاگت والے گھروں کی تعمیرکے شعبہ کوبھی فائدہ پہنچے گا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ صرف پالیسی فریم ورک کے حوالہ سے کام کیا جائے اورکاروبارمیں مداخلت کوکم سے کم کیاجاسکے،حکومت سبسڈی اور دیگر سہولیات ضروردیں گی تاہم مداخلت بہت کم ہوگی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کاروباراورسرمایہ کاری کے حوالہ سے نجی شعبہ کوملک کی قیادت کرنی ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی نے اچھی کارگردگی کامظاہرہ کیاہے جس کی عکاسی اعدادوشمارسے بھی ہورہی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ہائوسنگ کا آبادی اور آب ہوا میں تبدیلیوں جیسے دو اہم مسائل کا براہ راست تعلق ہے ،ان مسائل کے حل کیلئے ہم انتظارنہیں کرسکتے، پاکستان کی آبادی 2.5فیصدکی شرح سے بڑھ رہی ہے، چائلڈ سٹنٹنگ اوردیگرمسائل کے ساتھ ساتھ ہائوسنگ کاشعبہ بھی بڑھتی ہوئی آبادی سے منسلک ہے،آب و ہوا میں تبدیلیاں دوسرا بڑا مسئلہ ہے، 2022کے سیلاب سے پاکستان بری طرح متاثرہوا اوریہ تباہی اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ہماری آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

ہمیں موسمیاتی لحاظ سے موزوں ہائوسنگ کی طرف جاناہوگا، مورگیج فنانسنگ کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی اورفورتھ کلوژر ضروری ہے، ان مسائل کے حل کیلئے سٹیٹ بینک سمیت تمام شراکت داروں کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ مورگیج فنانس کیلئے بعض مائیکروفنانس بینک کام کررہے ہیں اوردیگربینک بھی سامنے آرہے ہیں، اس حوالہ سے ہم ترغیبات دیں گے تاہم ماضی کی غلطیوں کونہیں دہرایاجائے گا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے حوالہ سے حکومت اپناکرداراداکرے گی لیکن اس میں نجی شعبہ کاکرداراہمیت کاحامل ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button