وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس
وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر امور کشمیر گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی، وفاقی سیکرٹری وزارت امور کشمیر گلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے شرکت کی۔بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس میں گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم کی ہدایات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام گلگت بلتستان کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں گلگت بلتستان کے سالانہ ترقیاتی منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں پی ایس ڈی پی میں سے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولر پراجیکٹس کی صورتحال پر پیشرفت پر مزید غور کیا گیا۔اجلاس میں گلگت شندور روڈ پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جگلوٹ سکردو روڈ کی بحالی اور تعمیر پر بھی بات چیت کی گئی۔اجلاس میں وزارت خزانہ، تجارت، منصوبہ بندی و ترقیات، وزارت داخلہ، وزارت مواصلات اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔