ٹاپ نیوز

پاکستانی قوم مزید جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی طور پر کام کر ے ،وزیراعظم محمد شہبازشریف کا عالمی یوم شناخت کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم مزید جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی طور پر کام کر ے ،اعضا کا عطیہ انسانی ہمدردی کا ایک ایسا عمل ہے جو ضرورت مندوں کو زندگی کا ایک نیا موقع فراہم کر سکتا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے عالمی یوم شناخت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج دنیا بھر میں شناخت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، آج کے دن ہم معاشرے میں شناخت کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔ شناخت کا تعلق محض پہچان سے نہیں ہے بلکہ یہ ایک ہمہ جہتی اصطلاح ہے، جس سے معاشرے کے ہر فرد کو قومی فیصلوں میں اپنی نمائندگی اور ضروری خدمات تک رسائی ملتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن مجھے ایک اہم قومی اقدام کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس کا مقصد اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینا ہے، اس اقدام کے تحت جو بھی فرد رضاکارانہ طور پر اعضاء عطیہ کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کروائے گا اس کے قومی شناختی کارڈ پر ایک مخصوص لوگو پرنٹ کیا جائے گا جو کہ انسانی زندگی بچانے کے حوالے سے اس شخص کے عزم کا اعتراف ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ اعضاء کا عطیہ انسانی ہمدردی کا ایک ایسا عمل ہے جو ضرورت مندوں کو زندگی کا ایک نیا موقع فراہم کر سکتا ہے۔ میں تمام شہریوں کو اس اقدام میں حصہ لینے اور زندگی بچانے والی کمیونٹی کا حصہ بننے کی ترغیب دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ یوم شناخت کے جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے، میں تمام ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک مزید جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں جہاں ہر فرد کے حقوق کو تسلیم کیا جائے اور ان کا احترام کیا جائے۔ میں شہریوں، سول سوسائٹی اور حکومتی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ شناخت سے متعلق آگاہی اور تعلیم کے کلچر کو فروغ دیں۔ اس کوشش میں ہمیں ٹیکنالوجی کے اہم کردار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔

موجودہ قومی رجسٹریشن اور بائیو میٹرک نظام کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اور خدمات تک رسائی کو آسان بنانے اور شناخت کی تصدیق کی درستگی کے لیے ڈیجیٹل حل اور اختراع کا انضمام ہونا چاہئے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت ان پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے کوشاں ہے جو ہمارے شہریوں کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے اور شہری فرائض میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرے۔ اس مقصد کے لئے شفافیت اور جوابدہی انتہائی اہم ہیں ۔ انہی پالیسیوں کے نفاذ سے جمہوری نظام مزید مضبوط ہو گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button