عالمی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی سرزمین سے اسرائیل کے غیر قانونی قبضہ کو ختم کرنے کے مطالبے پر مبنی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کر لی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی سرزمین سے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے کے مطالبے پر مبنی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔

قرارداد کے حق میں 124 ووٹ پڑے ، 43 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جبکہ اسرائیل، امریکا اور 12 دیگر ممالک نے قرار داد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ جنرل اسمبلی میں یہ قرار داد فلسطین ، پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور جنوبی افریقہ سمیت کئی ممالک کی طرف سے پیش کی گئی تھی جس میں اسرائیل سے 12 ماہ کے اندرمقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قرارداد میں بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی جولائی میں جاری کی گئی اس مشاورتی رائے کا خیر مقدم کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں اور بستیوں پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے۔

جنرل اسمبلی کی قرارداد میں ریاستوں سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم غیر قانونی یہودی بستیوں سے پیدا ہونے والی مصنوعات کی درآمد کو روکنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو اسلحہ، گولہ بارود اور متعلقہ سازوسامان کی فراہمی یا منتقلی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

یہ قرارداد فلسطین کی طرف سے اضافی حقوق اور مراعات حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر پیش کی جانے والی پہلی قرارداد ہے۔قرار داد پر رائے شماری مقبوضہ مشرقی بیت المقدس اور باقی مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی اقدامات پر غور کے لئے بلائے گئے جنرل اسمبلی کے 10ویں ہنگامی اجلاس میں ہوئی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button