کھیلوں کی دنیا

گال ٹیسٹ ، سری لنکا نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لئے، کمندو مینڈس کی شاندار سنچری

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والے گال ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لئے، کمندو مینڈس نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 114 رنز کی اننگز کھیلی، ، کیوی بائولر ولیم او رورکے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کے روز گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 88 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے 33 کے مجموعی سکور پر دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنرز دیموتھ کرونارتنے 2 اور پاتھم نسانکا 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر دنیش چندی مل اور اینجلو میتھیوز نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 69 کے مجموعی سکور پر میتھیوز ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے،کچھ دیر بعد 106 کے مجموعی سکور پر چندی مل 30 اور ڈی سلوا 11 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر اینجلو میتھیوز ایک مرتبہ پھر میدان میں آئے اور کمندو مینڈس کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کردیا۔ میتھیوز 36 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو کوسل مینڈس نے کمندو مینڈس کے ساتھ 103 رنز کی شراکت قائم کرکے مجموعی سکور کو 281 تک پہنچا دیا۔ کوسل مینڈس 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کمندو مینڈس نے شاندار سنچری مکمل کی اور 114 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس طرح پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لئے ہیں جبکہ ابھی اس کی اننگز جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کے ولیم او رورکے نے 3 وکٹیں حاصل کیں، گلین فلپس نے 2 اور ٹم سائوتھی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button