قومی

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولویوف کی ملاقات، دوطرفہ تجارت اور تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال

ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولویوف نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر تجارت سے ترکمانستان کے سفیر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں اہم معاہدوں کو حتمی شکل دینے اور مستقبل میں تعاون کے لیے نئے شعبوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیر تجارت جام کمال نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے مضبوط بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ملاقاتوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی، کھاد، دواسازی، زراعت، اور تعمیراتی مواد سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ۔

جام کمال نے کہا کہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بہت کم ہے اور اس کو بڑھانے کے لیے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ ملاقات میں ترکمانستان-پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان سامان کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ معاہدہ بینکنگ، کسٹمز اور تجارتی ٹرانزٹ آپریشنز میں تعاون کو بھی بہتر بنائے گا۔ وزیر جام کمال نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور ترکمانستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) کے درمیان 2015 میں دستخط کیے گئے مفاہمت کی یادداشت جیسے موجودہ معاہدوں پر نظر ثانی کرنے اور اسے بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس مفاہمت نامے کا مقصد تجارتی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ نمائشوں کا اہتمام کرنا اور قومی منڈیوں کو ترقی دینا ہے۔ انہوں نے مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کے لیے 2019 کے ایم او یو پر نظرثانی کرنے پر بھی زور دیا جو دونوں ممالک کے درمیان براہ راست کاروباری رابطوں کو آسان بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ زیر بحث دیگر اہم امور میں براہ راست کارگو روابط کو بہتر بنانا، تجارتی راستوں سے متعلق چیلنجز کو حل کرنا اور طریقہ کار کو آسان بنانا شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعاون کی راہ میں حائل موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button