کھیلوں کی دنیا

چین کی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی ، پاکستان کو پہلےسیمی فائنل میں شکست کا سامنا، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا

چین کی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ میچ کے مقررہ وقت پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابررہا۔چین کی ٹیم نے پنالٹی سوٹ آئوٹ پر پاکستان کو 0-2 گول سے شکست دی ۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں ایڈیشن میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ چین میں جاری ہے۔

پیر کو چین کے شہر ہلنبیور کے موکی ٹریننگ بیس میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2024 کےپہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان اور میزبان چین کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔ سیمی فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔پہلے کواٹر میں کوئی بھی ٹیم نہ گول کرسکی اور نہ ہی پنالٹی کارنر لے سکی، لیکن دوسرے کواٹر میں پاکستان کو لگاتار چار پنالٹی کارنر ملے، پاکستان کسی ایک پر بھی گول نہ کرسکا۔13ویں منٹ میں چین کو پہلا پنالٹی کارنر ملا جس پر یوان لین لو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی ۔ ہاف ٹائم پر چین کو پاکستان کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔

تیسرے کواٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو 5-5 پنالٹی شوٹ آؤٹ دیے گئے۔

پاکستان نے ابتدائی چار پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کردیے جبکہ چین نے 4 میں سے 2 پر گول کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا (کل)منگل کو فائنل میں چین سے مقابلہ ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان کو گروپ میچز میں صرف بھارت سے شکست ہوئی تھی جبکہ دو میچز میں فاتح اور دو میچز برابر رہے تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button