قومی

خواتین کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور مجموعی بہبود میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے،مشعال حسین ملک

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ معاشرے کی بہتری میں خواتین کا نمایاں کردار ہے،خواتین کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور مجموعی بہبود میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ بدھ کو یہاں پاک گلف کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ خواتین کا عالمی دن ہر سال 8 مارچ کو منایا جاتا ہے ۔ تقریب میں دنیا بھر کی خواتین کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور پاکستان میں صنفی مساوات کی جانب پیش رفت اور خواتین کو درپیش چیلنجوں پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بہترین معاشرے کے قیام کے لیے خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوام بالخصوص خواتین پر بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی ظلم وستم اورجبر کے باوجود کشمیری خواتین کشمیر کی جدوجہد آزادی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ دنیا بھر کی خواتین مشکل وقت میں کشمیری خواتین کے غیر متزلزل جذبے سے رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں خواتین کی فعال شمولیت جمہوری عمل کو تقویت بخشتی ہے اور صنفی لحاظ سے مساوی پالیسیوں کی ترویج کو فروغ دیتی ہے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے اپنی سر براہی میں شروع کردہ سو روزہ پلان کے تحت پاکستان میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ 100 روزہ منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اہم شعبوں بشمول صنفی مساوات، تعلیم، معاشی خود مختاری، صحت کی دیکھ بھال، اور خواتین کے خلاف تشدد کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے سو روزہ پلان کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر کے خواتین کے بہبود کے لیے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ دستخط کیے گئے ایم او یو کا بھی ذکر کیا۔

مشعال حسین ملک نے سب پر زور دیا کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی حمایت کا عہد کریں۔ انھوں نے کہا کہ یہ تقریب خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کو آگے بڑھانے کے حوالے سے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ مشعال حسین ملک اور انکی فوکل پرسن سبین حسین ملک نے تقریب کے اختتام پر منتظمین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button