قومی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نےپاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کا دوبارہ آغاز کردیا،سولنگی

آج ریڈیو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے سامعین کو معلومات فراہم کر رہا ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، آج ریڈیو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے سامعین کو فوری معلومات فراہم کر رہا ہے، ریڈیو ایک ایسی درسگاہ بن چکا ہے جو نوجوانوں کو تربیت اور تعلیم تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کے دوبارہ آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے فیتہ کاٹ کر پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کا دوبارہ آغاز کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کے دوبارہ آغاز پر ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سمیت تمام متعلقہ افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی ریڈیو کے پروگراموں کیلئے تربیت کا بے مثال ادارہ تھا جو مالی مشکلات کے باعث غیر فعال ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اکیڈمی کو دوبارہ فعال ہوتے دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بذات خود کئی زبانیں بشمول سندھی، سرائیکی، پنجابی اور انگریزی ریڈیو کی مدد سے سیکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے نوجوان خوش قسمت ہیں، ہمارے دور میں انٹرنیٹ جیسی جدید سہولیات میسر نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ریڈیو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے سامعین کو معلومات فراہم کر رہا ہے، ریڈیو ایک ایسی درسگاہ بن چکا ہے جو نوجوانوں کو تربیت اور تعلیم تک خود چل کر رسائی فراہم کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے جو پاکستان کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو بذریعہ زوم اپنے تربیتی پروگراموں میں شامل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا کے کسی بھی حصے سے ریڈیو کے پروگراموں کا حصہ بنا جا سکتا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اکیڈمی کے پہلے تربیتی پروگرام میں پاکستان بھر سے نوجوانوں کی شرکت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نئے انقلابات بالخصوص مصنوعی ذہانت کے تصور سے ہم آہنگ ہو چکا ہے، اس اکیڈمی کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے عملہ کو بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کے پہلے تربیتی پروگرام میں 107 نوجوان شریک ہو رہے ہیں جن میں 35 خواتین شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button