قومی

ملکی معیشت کی ترقی میں آئی ٹی سیکٹر کا کردار بہت اہم ہے،گورنر پنجاب

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پہلی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فری لانسسنگ ایوارڈز کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی میں آئی ٹی سیکٹر کا کردار بہت اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت اس شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت سے دنیا کا منظر نامہ بدل رہی ہے۔ کچھ لوگ اس سے خوفزدہ ہیں۔

ٹیکنالوجی سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس سے،دوستی کرنے اور اسے اپنانے کی ضرورت ہے۔ آئندہ آنے والے سالوں میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کے فروغ سے صرف کام کے انداز اور نوعیت بدلے گی جبکہ پہلے سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے تبدیلی کے ساتھ چلنا اور جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے۔ ٹیکنالوجی اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا جدید دور کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی گئی ہے جس کا مقصد معیشت کے پانچ اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حصول ہے ان میں سے ایک آئی ٹی سیکٹر بھی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز بھی قائم کئے جارہے ہیں جن میں آئی ٹی کے شعبے کے لئے درکار جدید ٹیکنالوجی دوست انفراسٹرکچر قائم کیا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے فری لانسرز کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان میں سب سے بڑا مسئلہ ترسیلات زر کا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے بھی سرگرم عمل ہے اور سٹرپ ، پے پال سمیت دیگر کمپنیوں سے رابطے میں ہے تاکہ پاکستان میں بھی ان کی خدمات کی فراہمی جلد شروع کی جا سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم اس شعبہ کو درکار سہولیات تک رسائی آسان بنا دیں تو آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات کو بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام فری لانسرز سے کہنا چاہتا ہوں کہ ملک کی معیشت کے استحکام کے لئے مزید محنت کریں اور اپنی مہارتوں کو جدت کے تقاضوں کے مطابق مذید بہتر کریں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اختلاف رائے کا سلیقہ آنا چاہیئے اور دوسروں کی رائے کا احترام کرنا چاہیئے۔ سوشل میڈیا پر آئے روز ایسی باتیں سننے کو ملتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ اس لیے سنی سنائی بات پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تحقیق کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں۔صرف تعلیم اور سکلز کامیابی کی ضمانت نہیں ہے بلکہ آپ کا کردار آپ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جن ممالک نے تیز رفتار ترقی کی ان ممالک میں کئی سال پالیسیوں کا تسلسل رہا ہے۔ طلبا میں میرٹ پر لیپ ٹاپس کی تقسیم اور تعلیمی اداروں میں ای روزگار سینٹرز کے قیام سے نوجوانوں کو انٹرپرینورشپ کے مواقع ملے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ چیمبر ا ف کامرس نے ایک اچھے کام کی ابتدا کی ہے۔ انہوں نے کہا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اس اقدام سے آئی ٹی سیکٹر میں فری لانسرز کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ جس سے آئی ٹی کی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور معیشت ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہمارا ملک آئی ٹی کے شعبے میں کم وسائل کے باوجود فری لانسنگ میں عالمی سطح پر اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کی بنائی ہوئی گیمنگ ایپس دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ گورنر پنجاب نے ایوارڈز جیتنے والے آئی ٹی فری لانسرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے کام کو مزید بہتر کریں گے ۔

انہوں نے کہا آپ وہ جگنو ہیں جو دوسروں کو بھی راستہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا جب نوجوان مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے، محبتوں کو فروغ دیں گے اور نفرتوں کا تدارک کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کی ایک اعلی کاروباری معاونت کی تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سرکاری اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرکے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے منفرد اقدامات کر رہا ہے۔

کاشف انور نے کہا کہ ایل سی سی آئی غیر روایتی شعبوں کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔ تقریب سے ایل سی سی آئی کے دیگر ممبران نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور، سینئر وائس پریذیڈنٹ ظفر محمود چوہدری، وائس پریذیڈنٹ محمد عدنان خالد بٹ ، ایل سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران، پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران اور ائی ٹی فری لانسر ایکسپرٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں آئی ٹی فری لانسر ایکسپرٹس میں ایل سی سی آئی فری لانسسنگ ایوارڈز تقسیم کئے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button