ٹاپ نیوزقومی

پاک فوج کے سربراہ جنرل سیّد عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کی ملاقات

پاک فوج کے سربراہ جنرل سیّد عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں نے قرار دیا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے جس سے باہمی تعاون، بہتر کوآرڈینیشن اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کا ادراک کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے دوسری ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی مرکزیت پر زور دیا، اسے مقدس، ناقابل تسخیر اور ریاست سے ریاست کے تعلقات کا سب سے اہم جزو قرار دیا۔آرمی چیف نے سکیورٹی کے خدشات کو دور کرنے کے لیے پائیدار روابط اور دستیاب مواصلاتی ذرائع کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں فریقوں نے مشترکہ خطرات کے خلاف رابطہ کاری اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ملک میں فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو جلد سے جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں فریقوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قریبی رابطے میں رہیں گے اور برادر ممالک کے درمیان کسی کوبھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ دونوں اطراف نے سرحدی علاقے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس کی نشاندہی دونوں اطراف کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ناگزیر ضرورت کے طور پر کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button