ٹاپ نیوزکھیلوں کی دنیا

برسبین ٹیسٹ ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 289 پر ڈیکلیئر کردی

برسبین ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 289 پر ڈیکلیئر کردی، عثمان خواجہ، ایلکس کیری اور کپتان پیٹ کمنز نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنا کر 35 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے، ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز بنا سکی تھی۔

جمعہ کے روز برسبین کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے گزشتہ روز کے سکور 266 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، کیون سنکلیئر نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، وہ 50 رنز بنا کر نیتھن لیون کا شکار بنے جبکہ کیمرروچ 8 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، اس طرح ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 311 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

اس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کینگروز کے پانچ ابتدائی بلے باز 54 کے مجموعی سکور پر پر آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر عثمان خواجہ نے ایلکس کیری کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 150 تک پہنچا دیا، اس موقع پر ایلکس کیری 65 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو نئے آنے والے بیٹر مچل سٹارک بھی 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔ عثمان خواجہ نے دوسرے اینڈ پر سکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 65 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو کپتان پیٹ کمنز نے سکور کو بڑھانے کا سلسلہ شروع کردیا، وہ 64 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ نیتھن لیون کے آئوٹ کے بعد آسٹریلیا نے 289 رنز پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا،

ویسٹ انڈیز کی طرف سے الزاری جوزف نے 4 اور کیمر روچ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، شامر جوزف اور کیون سنکلیئر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے 22 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 13رنز بنا کر 35 رنزکی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔ کپتان کریگ بریتھویٹ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button