ٹاپ نیوز

پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے، پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اوورچک اور ان کے وفد کا وزیراعظم ہائوس میں خیرمقدم کیا۔

روسی نائب وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں روسی وزیر اعظم مشسٹن کے استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال جولائی کے اوائل میں ان کی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون میں مزید توسیع پر بات چیت کے لیے اعلی سطحی وفد بھیجنے پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔

روسی نائب وزیراعظم اوورچک نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور روس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا۔ دونوں فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم اور روسی نائب وزیراعظم نے روس اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button