کاروباری

پی ایس ایکس میں گذشتہ11 ماہ کے دوران 37 ہزار پوائنٹس کااضافہ ،پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک سال میں ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)100انڈیکس میں گذشتہ11 ماہ کے دوران 37 ہزار پوائنٹس کااضافہ ہوا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک سال میں ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے ۔

پی ایس ایکس 100 انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبورکر گئی ۔ سال 2022 کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ 40ہزار پوائنٹس سے زیادہ کی سطح پر بند ہوئی اور صرف اور دوسال سےبھی کم عرصہ میں کے ایس ای 100انڈیکس میں 60ہزار پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

پی ایس ایکس کےاعدادوشمار کے مطابق مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کی تعداد 650کےقریب ہے جن کے حصص کی خریدوفروخت کی جاتی ہے۔ سٹاک مارکیٹ کا بنچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس مارکیٹ کی 100 بڑی کمپنیوں پر مشتمل ہے۔ ان کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں ردوبدل مارکیٹ میں اتار چڑھائو کا سبب بنتا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق گذشتہ ایک سال کے دوران آٹو شعبہ کی کمپنی ساز گار انجینئرنگ کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ 931روپے فی شیئر اضافہ ہوا ہے ، نومبر 2023 میں کمپنی کے ایک شیئر کی قیمت 169 روپے تھی جو نومبر 2024 میں 1100روپے فی حصص پر ٹریڈ کر رہی ہے ۔ اس طرح صرف ایک سال کے قلیل عرصہ کے دوران ساز گار انجینئرنگ کے فی حصص کی قیمت میں 550.88 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اسی طرح ادویہ سازی کے شعبہ کی کمپنی گلیکسو سمتھ کلائن کے فی حصص کی قیمت میں بھی 326.82 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، نومبر 2023 میں کمپنی کے شیئر کی قیمت 82 روپے تھی جو نومبر 2024 میں 350 روپے سےتجاوز کر گئی ۔مزیدبرآں فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کے حصص کی قیمت بھی 18 روپے کے مقابلہ میں 80 روپے تک بڑھ چکی ہے ۔ اسی طرح ہنڈا ٹلس کے حصص کی قیمت بھی 300روپے سےبڑھ کر 860 روپے ہو چکی ہے جبکہ ائیر لنک کے حصص کی قیمت میں 150فیصد اور نیشنل بینک آف پاکستان کے حصص کی قیمت میں بھی 140فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔

شرمین سیکورٹیز کے شعبہ تحقیق کے سربراہ فرحان محمود نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ساز گار پاکستان میں ہائی برڈ ایس یو وی متعارف کروانے والی پہلی کمپنی ہے ، جس کی سیلز میں نمایاں اضافہ ہوا اور اس کے نتیجہ میں کمپنی کے حصص کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح فوجی فرٹیلائیزر بن قاسم کی قیمت میں اضافہ کا سبب کمپنی کا فوجی فرٹیلائیزر کمپنی میں انضمام ہے ۔

فرحان محمود نے مزید کہا کہ گلیکسو سمتھ کلائن کے حصص کی قیمت میں اضافہ کا بنیادی سبب عالمی سطح پر خام مال کی قیمتوں میں کمی اور مقامی مارکیٹ میں ادویات کی قیمت میں اضافہ ہے ۔ اٹلس ہنڈا کے حصص کی قیمت بڑھنے کا بنیادی سبب ملکی مارکیٹ میں موٹر سائیکلز کی تیازی سے بڑھتی ہوئی مانگ ہے

۔ مالیاتی امور کی ماہر ثناء توفیق نے اس حوالے سے کہا کہ سٹاک مارکیٹ ایک اہم فیکٹر ہے جو کسی بھی معیشت کی صورتحال کاعکاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی ایک مثبت معاشی اشاریہ ہے جبکہ ملکی برآمدات کا فروغ صنعتی کارکردگی اور روز گار کی فراہمی بھی ایک اورمثبت پہلو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا ایک پیمانہ سمجھا جاتا ہے اور کسی خاص شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند قومی و بین الاقوامی سرمایہ کار اس شعبہ کی لسٹڈ کمپنیوں کی کارکردگی کے جائزہ کے بعد ہی فیصلہ کرتے ہیں ۔مالیاتی امور کے ماہرین نے مزید کہا کہ شرح سود کی کمی کےباعث بھی سٹاک مارکیٹ کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا جس سے سٹاک مارکیٹ مثبت رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button