بلوچستان میں پنک سکوٹی اسکیم کا اجراء، خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں طلبہ و طالبات کے لئے پنک سکوٹی سکیم کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی ہر باصلاحیت اور پوزیشن ہولڈر طالبہ کو پنک سکوٹی دی جائے گی، اس سکیم سے اساتذہ، طالب علم اور ملازمت پیشہ خواتین بھی فائدہ اٹھا سکتی ہیں، ماہانہ اقساط پر سکوٹی سکیم کی پالیسی تشکیل دی جاررہی ہے جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا۔
جمعہ کو گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ کی 50 طالبات کو پنک سکوٹیز کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار طالبات کے لئے پِنک سکوٹی سکیم متعارف کرارہے ہیں اور کوئی بھی طالبہ اس سے محروم نہیں رہے گی، بلوچستان میں خواتین کو بااختیار دیکھنا چاہتے ہیں، مائیں بہنیں بیٹیاں تعلیم یافتہ ہوکر معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی تو ہمارا معاشرہ آگے بڑھے گا خواتین کی ترقی کا خواب حقیقی روپ اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منظم سازشیں ہورہی ہیں مختلف ممالک سے سوشل میڈیا اور آرٹیفیشل اینٹیلی جنس کے ذریعے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی جارہی ہے، نوجوانوں کو بھڑکایا جارہا ہے لیکن نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق کو سامنے رکھیں کیونکہ کسی بھی ملک ، صوبے یا علاقے میں ترقی کا یکساں پیمانہ نہیں ہوتا جیسے کہ گرلز ڈگری کالج کوئٹہ کا موازنہ گرلز ڈگری کالج ڈیرہ بگٹی سے نہیں کیا جاسکتا ، غیر متوازن ترقی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پائی جاتی ہے اس مسئلے کو ہمارے ہاں ریاست سے متنفر کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، نوجوان جھوٹے پروپیگنڈوں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت عملی اقدامات کے زریعے مسترد کردیں ۔انہوں نے کہا کہ مستونگ میں معصوم طالب علموں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہزارہ کمیونٹی اور بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بچیوں کا خون بہایا گیا، دہشت گردی کی ان تمام کارروائیوں کے باوجود ہمارے تعلیمی ادارے آباد ہی نوجوانوں کی مدد سے دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے اور اپنے تعلیمی ادارے ویران ہونے نہیں دیں گ طالب علم اور نوجوان کرپشن کے خلاف اپنے والدین کو آگے بڑھنے پر قائل کریںنوکری کے لئے کسی کو پیسے نہ دیں اگر کوئی رشوت طلب کرے تو اسکی ویڈیو بنائیں اور ہم تک پہنچائیں ،ہم کرپشن میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنائیں گے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسمبلی میں پہلے روز وعدہ کیا تھا کہ کوئی نوکری نہیں بکے گی ،الحمدللہ ہم اپنے وعدے کی تکمیل کررہے ہیں، معاشرے کا ہر غریب امیر باعث عزت ہے، پشین میں میرٹ کے باعث ایک سوئپر کی بیٹی کو سرکاری ملازمت ملی جس کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا ،پورے صوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں تاہم مواقعوں کی کمی ہے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے ان کے گلے شکوے اور ریاست سے دوری ختم کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف نوجوانوں نے میرا بازو بننا ہے میرا ساتھ دینا ہے وعدہ کرتا ہوں کہ ایک روشن مستقبل کے لئے ایسی درست سمت کا تعین کریں گے جس سے نوجوانوں کی مایوسی ختم ہو اور وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔
انہوں نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ میں پروفیسر ناظمہ طالب ایجوکیشن بلاک کی فوری تکمیل اور کالج میں آسٹرو اسٹف کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ۔صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے تسلسل سے تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا اور تعلیم نسواں کی شرح میں اضافہ ہوگا۔تقریب میں ادارے کی پرنسپل پروفیسر سعدیہ فاروقی نے پنک سکوٹیز اور لیپ ٹاپ فراہمی سمیت پروفیسر ناظمہ طالب ایجوکیشن بلاک کی تعمیر اور ادارے کی سرپرستی پر میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا۔