قومی

چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز میں پاکستان پویلین کا افتتاح ،چین کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع میسر آئے گا، سفیر خلیل ہاشمی

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے جمعہ کو چائنا انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز 2024 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا ،اس موقع پر پیپلز گورنمنٹ آف پنگدنگشن سٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ژانگ یانکنگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیئر خدمات میں تجارت کے لیے دنیا کے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک کے طور پر پہچانا جاتا ہے جو ممالک کے لیے خدمات کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور عالمی تجارتی تعلقات میں روابط استوار کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے، اس سال کا پاکستان پویلین اپنے سیٹ اپ اور آپریشنز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو اپنا کر خود کو الگ پیش کرتا ہے۔

اس کا مقصد نہ صرف وزٹرز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کرنا ہے بلکہ اس بات کا عملی مظاہرہ کرنا ہے کہ ملک کے اندر کاروبار کیسے قائم اور فروغ دیئے جا سکتے ہیں۔پویلین میں انڈسٹریل پارک آپریٹرز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز شامل ہیں جو شرکاء کو پاکستان میں انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ماحول کے بارے میں قابل قدر مہارت تک براہ راست رسائی پیش کرتے ہیں۔ حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے 13 ترجیحی شعبوں پر روشنی ڈالی جن میں مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سے لے کر توانائی، زراعت، اور انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہیں۔

انہوں نے اس فیئر میں حصہ لینے والے پاکستانی اداروں کے قابل قدر تعاون کا اعتراف کیا جن میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی ، گرین پاکستان انیشی ایٹو، دھابیجی اکنامک زون، علامہ اقبال خصوصی اکنامک زون، نیشنل بینک آف پاکستان اور دیگر شامل ہیں جو پاکستان اور چین میں کاروباری سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں اہم ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ چین کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں سفارت خانہ اس فیئر کے دوران کانفرنس، پینل ڈسکشنز، انٹرایکٹو سیشنز اور کاروباری میٹنگز کے ساتھ، پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس: ٹوگیدر فار اے شیئرڈ فیوچر کی میزبانی بھی کرے گا۔

توقع ہے کہ پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اور بامعنی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button