قومی

قائداعظم کی مدبرانہ، اصول پسند اور دور اندیش قیادت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا بابائے قوم کی 76 ویں برسی کے موقع پر پیغام

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے انتھک جدوجہد، قائدانہ صلاحیتوں اور بصیرت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی مدبرانہ، اصول پسند اور دور اندیش قیادت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام عمل میں آیا جہاں تمام شہری مساوی حقوق، معاشی و سماجی حقوق حاصل ہوں اور وہ اپنے رسم و رواج اور عقائد کے مطابق مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم کی 76 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔

سپیکر نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی اصول پسندی، جدو جہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ایسی ریاست کی قیام کا خواب دیکھا تھا جہاں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نا ہو۔ سپیکر نے قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے انہیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک خدا داد پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت اور جدو جہد کریں۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے الله تعالیٰ سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی اور ان کے بتائے ہوئے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button