عالمی

نائب گورنر مکہ مکرمہ کا 2025 کے حج سیزن کے لیے ٹائم لائن کا اعلان،یہ نئے معیارات پر پوری اترے گی،شہزاہ سعود بن مشعل

مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے2025 کے حج سیزن کے لیے ٹائم لائن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئے معیارات پر پورا اترے گی جس میں نئے قواعد و ضوابط، کارکنوں کی بہتر تربیت اور چیلنجز سے نمٹنے کے طریقے شامل ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات انہوں نے جدہ میں حج سیزن 1446ھ مطابق 2025 کے لیے پہلے پلاننگ اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں حج سیکٹر سے تعلق رکھنے والی 60 تنظیموں سمیت مختلف شہزادوں، وزرا اور حکام کو مدعو کیا گیا ۔ نائب گورنر مکہ مکرمہ نے حجاج کی خدمت کرنے والی تنظیموں اور اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے 2024 کے حج سیزن کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے اور آئندہ سال حج کی جلد تیاریوں کو یقینی بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خدمات اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب گورنر نے کہا کہ اس اجلاس کے نتیجے میں واضح اور اعلیٰ معیار کے منصوبے بنائے جائیں جو حج کے تجربے پر مثبت اثرات مرتب کریں۔ اجلاس میں 2024 کے حج سیزن کی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا جن میں بہتر تیاریوں کے لیے 300 منصوبے شامل تھے

، قابل ذکر کامیابیوں میں نسک کارڈ کا اجرا، طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تجرباتی حج سفر، روٹ ٹو مکہ انیشیٹو کی توسیع، جدہ مکہ ہائی وے کی 51 کلو میٹر توسیع، منیٰ سے مسجد الحرام تک ٹرانسپورٹیشن میں اضافہ اور مسجد نمرہ کے قریب اینٹی ہیٹ پینٹ کا استعمال شامل ہیں۔ اجلاس میں 2025 کے پلاننگ ماڈل کا جائزہ لیا گیا جس میں تیاری، آپریشنل منصوبوں، خدمات کے معیار اور آپریشنل کارکردگی اور معیار میں اضافے کے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس میں رواں سال حج سیزن کے لیے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button