ٹاپ نیوز

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی۔9 سے 15 ستمبر تک اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کہاکہ پاکستان سے پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے شراکت داروں اور دوست بین الاقوامی تنظیموں کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتاہوں کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہو جائے گی،انشاء اللہ پولیو کے پاکستان سے مکمل خاتمے کیلئے ہماری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔

وزیرِاعظم نے کہاکہ وفاقی و صوبائی عہدیداران، پولیو ورکرز، سیکیورٹی اہلکار، سب کی انسداد پولیو کیلئے کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،والدین سے گزارش ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو تمام عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں،اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے انسداد پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے۔تقریب میں وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختاراحمد بھرتھ، انسدادِ پولیو کیلئے وزیرِ اعظم کی نمائندہِ خصوصی عائشہ رضا فاروق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسیف، گیٹس فائونڈیشن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button