ٹاپ نیوز

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہاہے کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی،حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے،حکومت کی رائیٹ سائزنگ پالیسی کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشنگوئی خوش آئند ہے،فچ کے بعد حال ہی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے،حکومت کی رائیٹ سائزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں، اس کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مدد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے،ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے،عوام کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button