قومی

ملک بھر میں جی ٹی روڈ پر موٹر ویز کی طرح ایکسل لوڈ کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جی ٹی روڈ پر موٹر ویز کی طرح ایکسل لوڈ کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، بھاری گاڑیوں کیلئے جی ٹی روڈ پر بھی وزن کرنے والے’’ ویٹ سٹیشن‘‘ قائم کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ایچ اے کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کے مشترکہ محکمانہ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے مابین مربوط باہمی پالیسیوں پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جی ٹی روڈ پر موٹر ویز کی طرح ایکسل لوڈ کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بھاری گاڑیوں کیلئے جی ٹی روڈ پر بھی وزن کرنے والے’’ ویٹ ا سٹیشن‘‘ قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، سیٹ بیلٹ اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال جیسی خلاف ورزیوں پر’’ ای چالان‘‘ یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر کیمروں کی سرویلنس کے ذریعے حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ زیرو ٹالرینس کی پالیسی اختیار کی جائے اور این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ یہ قومی املاک کا معاملہ ہے، ایکسل لوڈ کی پابندی پر کوئی دباؤ یا سفارش نہ مانی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موٹرویز اور نئی شاہراہوں کو ملک کے مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیر کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے سیالکوٹ سے کھاریاں اور اسلام آباد کی موٹروے کیلئے بھی ہدایات جاری کر دیں اور کہا کہ ہر موٹر وے کو دو طرفہ اور 6 لین میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل عبدالسمیع اور چیئرمین این ایچ اے شہر یار سلطان نے بریفنگ دی، وفاقی سیکرٹری مواصلات بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کو موٹر ویز، جی ٹی روڈ اور دیگر زیر تعمیر منصوبوں کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور آئندہ ہفتے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا دوبارہ مشترکہ محکمانہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button