کاروباری

ملکی معیشت کی بحالی و مضبوطی کیلئے پرائیویٹایزیشن انتہائی اہمیت کی حامل ہے،عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس، پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری کے امورکی منظوری

وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈاورمواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پی آئی اے سمیت ڈسکوز و دیگر اداروں کی نجکاری کے حوالے سے اہم امور کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں بجلی کی پیداوار کے 3اداروں "ڈسکوز "کی پرائیویٹائزیشن ہوگی جس کیلئے عملی کام کا آغاز پہلے ہی کر دیا گیا ہے اور ان ڈسکوز کیلئے فنانشل ایڈوائزر لگانے سمیت جنوری2025تک تمام قانونی امور بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کو ہدایت کی کہ پرائیویٹائزیشن کیلئے جو ادارے اُن کے سپرد کیے گئے ہیں اُن کی جلد از جلد اور شفاف انداز میں نجکاری کو یقینی بنایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور مضبوطی کے لئے پرائیویٹائزیشن کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ملکی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں عملی طور پر کمی واقع ہو گی۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ نجی شعبے کو منتقل ہونے والے اداروں کو منافع بخش بنانے کے مضبوط امکانات ہیں۔

انہوں نے بورڈ کو ہدایت کی کہ پی آئی اے کی نجکاری کو بھی کم سے کم وقت میں مکمل کر لیا جائے کیونکہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن سے متعلق نجی شعبے کی سنجیدگی کا اظہار ہوگا جس سے دیگر ادارو ں کو پرائیویٹائز کرنے میں مزید آسانی ہوگی۔

پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے نجکاری،کمیشن کے ممبران سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور متفقہ طور پر نجکاری سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی جس پر وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے تمام اہداف بر وقت حاصل ہونے چاہئیں اور ان کی حتمی منظوری کے لئے سفارشات کابینہ کی کمیٹی سی سی او پی کو بھجوائی جا ئیں گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button