کاروباری

معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کا عمل جاری،سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک اہمیت کے حامل ہیں، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے گفتگو

وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں،سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تا کہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے، تجارت کے فروغ کے لئے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانس کے سفیر نے وفاقی وزیر سے نیشنل ڈے کے استقبالیے میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ پرائیوٹائز ہونے والے سارے اداروں میں منافع کمانے اور بہتر کام کرنے کی صلاحیت ہے، کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تا کہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ تجارت کے فروغ کے لئے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔ سفیر نکولس گیلے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے دو طرفہ تعاون کے اموراور فرانس کی طرف سے پاکستان کے لئے مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ کوششوں بارے گفتگوکی ۔

فرانسیسی سفیر نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی میں بھی فرانس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان میں قیام خوشگوار ہے، یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت کی گئی۔نکولس گیلے نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وفاقی وزیر نے فرانسیسی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کی دعوت دی جبکہ فرانسیسی سفیر نے وفاقی وزیر کو فرانس کے دورے اور بزنس ایسوسی ایشن سے ملاقات کی دعوت دی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button