ٹاپ نیوز

ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئےہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہےجبکہ وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعدادکار اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس کی سربراہی و ہ خود کریں گے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافےکے حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کنسلٹنسی فرم کئیارنی (Kearney) کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں،کئیارنی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم ہے جس کے آپریشنز دنیا بھر خصوصاً مشرق وسطیٰ میں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم نے سرمایہ کاری اور حکومتی استعداد کار میں بہتری کے ایسے منصوبے جن کے حوالے سے جلد نتائج برآمد ہونے کے امکانات ہیں،کے لئے فی الفور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعداد کار اور سرمایہ کاری کے بڑھانے پر پیشرفت کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔کئیارنی کی جانب سے وزیراعظم کو حکومت پاکستان کے ساتھ جاری اپنے مشاورتی عمل کی حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کئیارنی اب تک وفاقی حکومت کے 15 اداروں کے ساتھ مشاورت کر چکی ہے،اس مشاورتی عمل میں 97 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کئیارنی حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت میں پائیدار ترقی کے لئے منصوبہ بندی کا لائحہ ء عمل تیار کرے گی،کئیارنی سرکاری اداروں کا ریگولیٹری فریم ورک بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button