ٹاپ نیوز

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی وزارتِ خزانہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتِ خزانہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مئی میں محصولات کے متعین کردہ ہدف745 ارب روپے کے مقابلے میں 760 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرنے پر ایف بی آر کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے ۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ کو ہدایات دیں کہ پیٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مئی میں محصولات کے متعین کردہ ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے پر ایف بی آر کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے مئی میں اپنے متعین کردہ 745 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے 760 ارب روپے اکٹھے کئے، جس کیلئے ایف بی آر کی ٹیم داد تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام و ترقی کیلئے محصولات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں مئی 2024 تک ٹیکس اکٹھا کرنے کی شرح میں 31 فیصد اور رواں ماہ ڈومیسٹک ٹیکس کی شرح میں 43 فیصد اضافہ ایف بی آر کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی محصولات میں جاری مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مئی میں محصولات اکٹھا کرنے کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد کی غیر معمولی نمو ہوئی ہے ۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2024 کے مقررہ ہدف 745 ارب روپے کے مقابلہ میں 760 ارب روپے کے محصولات جمع کر لئے گئے ہیں۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں اندرونی ٹیکسوں میں 43 فیصد کا متاثر کن اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کی پالیسی ہے کہ زیادہ وسائل اندرونی ٹیکسز سے حاصل کئے جائیں۔محصولات کے تفویض کردہ اہداف کے حصول کے لئے ٹیم ایف بی آر نے ان تھک محنت کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کے افسران اور سٹاف کے عزم اور محنت کو سراہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے آخری مہینے جون 2024 کے مقرر ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button