کھیلوں کی دنیا

ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بہترین ماڈل لا رہے ہیں، ہاکی کی ترقی اولین ترجیح ہے، حنیف عباسی

رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے حکومت ، پرائیویٹ سیکٹر اور ٹیکنوکریٹ پر مشتمل بہترین ماڈل لارہے ہیں، قومی کھیل ہاکی کی ترقی اولین ترجیح ، ترقی کا سفر 2018 ء میں جہاں چھوڑا تھا وہاں سے آغاز کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقار النساء ویمن کالج راولپنڈی میں خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر دانیال چوہدری ، فیصل غوری گروپ ہیڈ الائیڈ بینک اور کارمک ڈیلان پولیٹیکل سیکرٹری ٹو برٹش ہائی کمیشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ گورنمنٹ کالج وقار النساء پاکستان کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جہاں ہاکی کی آسٹرو ٹرف موجود ہے، راولپنڈی میں ہیلتھ، تعلیم ، ٹرانسپورٹ اور سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر پاکستان مسلم (ن )نے بنایا ہے،2018 ء میں میاں شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 20 کے قریب ہاکی آسٹرو ٹرف کا جال بچھایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کا وقار النساء کالج میں قیام آنے والے وقت میں خواتین ہاکی کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ فیصل غوری گروپ ہیڈ الائیڈ بینک نے اس موقع پر مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ الاہیڈ بینک قومی کھیل کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ہاکی میں الائیڈ بینک کوچز اور دیگر معاملات میں سپورٹ کرے گا۔ اولمپئن خواجہ جنید نے کہا کہ ہاکی کی خدمت کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں، لاہور اور اسلام آباد کے بعد راولپنڈی میں تیسری خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کوالیفائیڈ کوچز اور ہاکی کا سامان مہیا کرے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button