ٹاپ نیوز

مار خور ہمارے بھرپور قدرتی ورثے کی علامت ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کا مارخور کے پہلے عالمی دن کے موقع پر پیغام

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم فخر سے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا پہلا عالمی دن منا رہے ہیں،مار خور کو ایک عظیم الشان جانور تصور کیا جاتا ہے جو کہ ہمارے بھرپور قدرتی ورثے کی علامت ہے۔جمعہ کو پاکستان کے قومی جانور مارخور کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مارخور اپنے منفرد کارک سکرو کی شکل کے سینگوں کے ساتھ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ہمارے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2 مئی 2024 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلان کے مطابق یہ دن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا فیصلہ جنگلی حیات کے تحفظ میں ہماری قوم کی کوششوں اور کامیابیوں کا اعتراف ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران مارخور کی آبادی میں نمایاں اضافہ قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے پاکستان کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، مارخور کے تحفظ کے پروگراموں میں مقامی کمیونٹیز کے تعاون اور سائنسی تحقیق کا کلیدی کردار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگلی حیوانات اور نباتات کے خطرے سے دوچار انواع میں بین الاقوامی تجارت کے کنونشن کے پرعزم دستخط کنندہ کے طور پر بین الاقوامی تجارت کے کنونشن کیٹگری- I میں ایک نمایاں درجہ رکھتا ہے،اس حوالے سے کی گئی خصوصی قانون سازی، پاکستان ٹریڈ کنٹرول آف وائلڈ فاؤنا اینڈ فلورا ایکٹ، 2012، ذمہ دارانہ تجارتی طریقوں اور خطرے سے دوچار انواع کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری وابستگی کو واضح کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مارخور کے اس عالمی دن پر میں تمام پاکستانیوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے نہ صرف مارخور بلکہ ان تمام انواع کے تحفظ کے لئے مل کر کام کریں جو ہماری کرہ ارض کی حیاتیاتی تنوع کو تقویت بخشتی ہیں۔ آئیے ہم آنے والی نسلوں کے لئے ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button