قومی

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے کا اجلاس ،موٹرویز اور جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام اور مسافرو ں کے ریسکیو کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ

وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے موٹرویز ،جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام اور زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لئے اہم اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ پیر کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اس تجویز پر غور کیا گیا کہ بالخصوص موٹرویز پر زخمی مسافروں کو ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی سروسز کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ہسپتالوں میں فوری طور پر منتقل کیا جائے تاکہ کم سے کم وقت میں طبی امدادکی فراہمی سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان سمیت دیگر افسران نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے لئے موٹرویز اور جی ٹی روڈ کو زیادہ سے زیادہ محفوظ ہونا چاہیے ،اس سلسلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو قلیل اور طویل المدت پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے این ایچ اے سے مالی استحکام کے لئے آئندہ 5 برسوں کا ایکشن پلان بھی طلب کر تے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سرکاری فنڈز کے بے دریغ استعمال کی بجائے صرف قابل عمل منصوبوں پر کام کرے۔انہوں نے این ایچ اے کو نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کی تیاری کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔ اسی طرح این ایچ اے موٹروے پر ہر ٹرک اور ٹرالے کی ویڈیو سرویلنس یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شاہرات کی طرح جی ٹی روڈ پر بھی ایکسل لوڈ کا نفاذ عمل میں لایا جائے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ فرائٹ اینڈ لاجسٹک پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور کہیں کوئی سفارش یا کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی،مزید برآں سفارش یا کوتاہی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے اجلاس میں این ایچ اے کے سینئر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی لحاظ سے خود مختار ہونے کے لئے ضروری ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنا مربوط بزنس پلان وضع کرے۔ انہوں نے این ایچ اے کو ٹول ٹیکس اکٹھا کرنے کا جدید میکنزم اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو محکمانہ بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے جس سے ادارے کی کارکردگی میں واضح بہتری آ رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button