قومی

بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیراہتمام تصویری نمائش بعنوان "پاکستان ان فریمز: اے ویژول جرنی بائی چائنیز ٹور آپریٹرز”کا انعقاد

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں اسلام آباد، ٹیکسلا اور گلگت بلتستان میں چینی ٹور آپریٹرز کی جانب سے 2023ء کے چین پاکستان سیاحتی تبادلوں کے دوران لی گئی تصاویر کے ذریعے پاکستان کی ثقافت اور مناظر کو اجاگر کیا گیا۔”

پاکستان ان فریمز: اے ویژول جرنی بائی چائنیز ٹور آپریٹرز” کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں گزشتہ سال پاکستان کے مختلف شہروں کا سفر کرنے والے چینی ٹور آپریٹرز کی جانب سے لی گئی تصاویر کے ذریعے پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے اور حیرت انگیز مناظر پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ نمائش مختلف موضوعات پر مرکوز تھی جن میں پاکستان کی شمالی شان و شوکت، گندھارا، پاک چین دوستی اور دیگر موضوعات شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی ٹور آپریٹرز کی جانب سے شاندار فوٹوگرافی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر نہ صرف پاکستان کی شاندار خوبصورتی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تفہیم کو بڑھانے والے گہرے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ خوابوں اور امنگوں کی علامت ہے۔Qyer.com سے تعلق رکھنے والی یارک فینگ نے ٹور آپریٹرز کے گروپ کی جانب سے کلمات پیش کیے اور پاکستان سے متعلق اپنی خوشگوار یادیں شیئر کیں۔

انہوں نے پاکستان میں سیاحت کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سنگہوا یونیورسٹی کے پاکستان کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر لی شیگوانگ نے پاکستان کے اپنے مسلسل دوروں کے تجربات سے آگاہ کیا، جس میں گندھارا اور وادی سندھ جیسی قدیم تہذیبوں کے مرکز کے طور پر پاکستان کا کردار بھی شامل ہے۔تقریب میں سفارتکاروں، فنکاروں، طلباء اور میڈیا کے ارکان نے شرکت کی جنہوں نے پاکستان کی خوبصورتی کے ذریعے بصری سفر کو سراہا۔ سفارت خانے نے دونوں دوست ہمسایہ ممالک کے درمیان عوامی تبادلوں، تعلقات اور رابطوں کو فروغ دینے کے لئے مزید سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button