کھیلوں کی دنیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست ہو گئی ۔ بنگال ٹائیگرز نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں ناک آؤٹ کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر دو میچوں کی سیریز میں تاریخی وائٹ واش کر دیا ۔ ٹیسٹ کے آخری روز مہمان ٹیم نے 185 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ ذاکر حسن 40 ، نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ اس تاریخی فتح میں لتن داس نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 26 پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 138 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ مہدی حسن میراز ، حسن محمود اور ناہید رانا نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی ۔ پاکستانی ٹیم تمام تر دعوؤں کے باوجود کھیل کے تینوں شعبوں میں ناکام رہی ۔ کپتان شان مسعود ، نائب کپتان سعود شکیل ، محمد رضوان ، عبداللہ شفیق ، بابر اعظم ، ابرار احمد ، محمد علی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ لتن داس کو مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ مہدی حسن میراز سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر تاریخ میں دوسری مرتبہ کلین سویپ شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس سے قبل انگلینڈ نے 2022 میں پاکستان کو 3میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا ۔ منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز دوبارہ شروع کی تو ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ دونوں بیٹرز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا مگر 58 کے مجموعی سکور پر میر حمزہ نے ذاکر حسن کو 40 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی ۔ بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب شادمان اسلام 24 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ 70 کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان نجم الحسین شانتو اور مومن الحق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 57 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 127 تک پہنچا دیا ۔ نجم الحسین شانتو تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 153 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ گری جب مومن الحق 34 رنز بنانے کے ابرار احمد کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

اس کے بعد مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے مزید کوئی نقصان کیے بغیر مطلوبہ ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم کو 6 وکٹوں سے تاریخی فتح دلا دی ۔ مشفق الرحیم 22 اور شکیب الحسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ ، خرم شہزاد ، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لتن داس کو میچ اور مہدی حسن میراز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button