کھیلوں کی دنیا

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ ، انگلش کرکٹر جو روٹ نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے، بابراعظم کی ٹاپ تھری میں واپسی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے پلیئرز کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، انگلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے، بابر اعظم نے بھی ایک درجہ ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کرلی ۔ آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلش سٹار کرکٹر جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے ، یہ 9واں موقع ہے جب جوروٹ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔

کین ولیمسن ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے سٹار کھلاڑی بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ اور بھارتی کپتان روہت شرما ایک ایک درجہ بہتری کے بعد بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ بائولرز کی رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور بھارت کے جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے فاسٹ بائولر مارک ووڈ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جدیجا پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button