پیرس اولمپکس میں اماراتی گھڑ سواروں کی شرکت
پیرس۔25جولائی (اے پی پی):پیرس اولمپکس میں اماراتی گھڑ سواروں کی ٹیم بھی شرکت کرے گی۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق چیٹو ڈی ورسیلز میں 27 جولائی سے 6 اگست تک ہونے والے اولمپک گیمز ’’پیرس 2024 ‘‘ میں ایک بار پھر گھڑ سواری کے مقابلوں کا جوش و خروش دیکھنے کو ملے گا،
متحدہ عرب امارات کی شو جمپنگ ٹیم بھی میدان میں اترے گی جس کی قیادت عمر المرزوقی کریں گے جو جمعہ کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں اماراتی پرچم لہرائیں گے۔گھڑ سواری کے ان مقابلوں میں جمپنگ، ڈریسج، اور ایونٹنگ جیسی دلچسپ اور منفرد اقسام شامل ہوں گی۔
گھڑ سواری کا کھیل 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں پہلی بار شامل کیا گیا تھا۔گزشتہ دو سال کے دوران دنیا بھر میں ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں میں ہزاروں ایتھلیٹس نے شرکت کی، جن میں سے صرف 65 ایونٹ کے مقابلے کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔