قومی

حکومتی اقدامات سے معیشت میں بہتری آئی،علامہ اقبال کے افکار ترقی وخوشحالی کا راستہ ہیں،بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی کیلئے پارٹی قیادت کو دھرنوں وانتشارکیلئے اکساتے رہے، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی،قطر اورآذربائیجان پاکستان میں5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، علامہ اقبال کے افکارہی ہمارے لیے ترقی وخوشحالی کا راستہ ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنا رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی کیلئے پارٹی قیادت کو دھرنوں اورانتشارکیلئے اکساتے رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں مزار اقبال پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پوری مسلم امہ کو اقبال کے خودی کے پیغام پر پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے،اقبال کے افکارہی ہمارے لیے ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہیں،علامہ اقبال کے فلسفہ اور شاعری کووسطی ایشیاء میں بھی بہت پڑھاجاتاہے،ہم اقبال کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو بااختیاربنارہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کا واضح ویژن ہے کہ ہم نے قرض نہیں لینابلکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے،جلد ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے ،حکومتی کوششوں سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے،جس سے مہنگائی میں کمی آرہی ہے،آٹا،پٹرول سستا اور روپیہ مستحکم ہورہاہے،ترسیلات زرمیں اضافہ ہواہے، اب پاکستان نے ترقی کرنی ہے،عوام کی فلاح وبہبود کے اقدامات جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دوست ممالک سے قرض اور امدادنہیں سرمایہ کاری کی بات کررہے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدے6ارب ڈالرسے تجاوزکرچکے ہیں،قطر پاکستان میں3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیارہے،آذربائیجان پاکستان میں2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہاہے۔عطا اللہ تارڑ نے مزیدکہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ بزنس ٹوبزنس معاہدے ہوں ،حکومت کا کام کاروبار کرنانہیں،کاروباری طبقے کوسہولیات فراہم کرناہے،

بہت سے ممالک برکس میں پاکستان کی رکنیت کے حامی ہیں،سی پیک تیزی سے آگے بڑھ رہاہے،پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات مضبوط سے مضبوط ترہورہے ہیں،مشہورسعودی سب وے پاکستان میں اپنی برانچیں کھول کر سرمایہ کاری کررہاہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست سے ریاست کے معاملات خارجہ پالیسی کاحصہ ہوتے ہیں،پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بہتری آئی ہے،خارجہ پالیسی کو کچھ لوگ مضحکہ خیز بنانے کی کوشش میں لگے ہیں لیکن پاکستان کی خارجہ پالیسی کے باعث اقوام عالم سے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روز گارکے مواقع فراہم کررہے ہیں،پاکستان کے پاس نوجوانوں کی شکل میں ہنرمندافراد کا قیمتی سرمایہ موجودہے،بیرون ممالک میں ہنرمندپاکستانی ترسیلات زر بھجوا نے کا بڑا ذریعہ ہیں ،پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی بھرپوراندازمیں کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈریاسیاسی جماعت ملک سے بڑھ کر نہیں ہے ،معاشرے میں تقسیم اور نفرتیں پھیلانادراصل اغیارکامنصوبہ تھا،بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی کیلئے پارٹی قیادت کو دھرنوں اورانتشارکیلئے اکساتے رہے،9 مئی کے انتشاری پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسئلہ کشمیراور فلسطین کو سیاست سے بالاترہوناچاہئے،فلسطین سے متعلق زیک گولڈ سمتھ کے بیان کی آج تک مذمت نہیں کی گئی،پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والے ہی اسرائیل کیلئے کام کررہے ہیں،

اسرائیل کے لیے فنڈزجمع کرکے نہتے فلسطینیوں کونشانہ بنایاجارہاہے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لاہور،سنگ جانی اور ڈی چوک کے جلسے ناکام ہوئے، یہ لوگ جلسے صرف بانی پی ٹی آئی کواین آراودلانے کیلئے کر رہے ہیں،پی ٹی آئی نے جو بویاہے وہی کاٹیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ خیبرپختونخوامیں کوئی کام نہیں ہورہا،خیبرپختونخوامیں مہنگائی میں کمی آرہی ہے نہ گاڑیوں کے کرائے کم ہوئے ہیں،خیبرپختونخوامیں کس نے روکاہے کہ آپ تعلیم ،صحت اور امورنوجوانان پر توجہ نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو پنجاب کاحکمران بناکرلوٹ مارکابازارگرم کیاگیا، پی ٹی آئی نے ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی،12ملکوں کے وزرائے اعظم پاکستان آرہے تھے اورپی ٹی آئی والے احتجاج کررہے تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی کسی نے کھل کر مخالفت نہیں کی،وکلاء نے 26ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی ہے، آئینی ترمیم وکلاء کا دیرینہ مطالبہ تھا اور اس معاملے پر وہ متحد و متفق ہیں، 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بانی پی ٹی آئی سے موجودہ قیادت کوشدیدڈانٹ پڑی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں ،

ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہراقدام کریں گے،چارسال میں محمدنوازشریف نے ملک میں امن قائم کرکے دکھایا،پی ٹی آئی حکومت نے دہشت گردوں کو واپس لاکرپاکستان میں بسایا،خیبرپختونخوامیں امن وامان کی صورتحال کو بہترکرناہوگا۔کرکٹ ڈپلومیسی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست سے پاک ہوناچاہیئے،چیمپئنزٹرافی پاکستان کا حق ہے اور یہ پاکستان میں ہی ہوگی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button