معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کے ذمہ دار دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کے ذمہ دار دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے حکومت پر عزم ہے،مل کر پاکستان کے خلاف اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور قوم سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل بھی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے دہشتگرد حملے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کے ذمہ دار دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے گھناؤنے فعل کے لیے مذمت کافی نہیں ہے۔ وزیر داخلہ نے ملکی استحکام کو لاحق خطرات پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔اس واقعہ کو افراتفری کے بیج بونے کی بزدلانہ کوشش قرار دیتے ہوئے محسن نقوی نے عوام کو یقین دلایا کہ قوم ان بدنیتی پر مبنی کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوگی۔انہوں نے اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کے خلاف اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائیں گے۔