قومی

تحریک انتشار اپنے انتشار کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے، ان کا مقصد صرف این آر او کا حصول ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار اپنے انتشار کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے، ان کا مقصد صرف این آر او کا حصول ہے، خیبر پختونخوا میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پرائمری سکولوں کے اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں جبکہ صوبے کی قیادت صرف احتجاجی سیاست میں مصروف ہے، معیشت کو مستحکم کرنے کے بعد اب ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم 10 نومبر کو عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیراعظم کوپ 29 اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ جمعہ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،

قومی ٹیم کی ون ڈے میچ میں کامیابی حوصلہ افزاء ہے، کپتان محمد رضوان نے وکٹ کے پیچھے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ قائم کیا، پاکستان کرکٹ بہتری کی طرف جا رہی ہے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد اب آسٹریلیا کی سرزمین پر آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتنا مثبت اور حوصلہ افزاء ہے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی، پوری قوم اور کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف10 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے اور غزہ میں ڈھانے جانے والے مظالم کے خلاف ہونے والی ریاض سمٹ میں شرکت کریں گے،

ریاض سمٹ میں مشرق وسطی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی، عرب ممالک اور مسلم ممالک کے سربراہان ریاض میں اکٹھے ہو رہے ہیں تاکہ یک زبان ہوکر غزہ اور فلسطین کے معاملے پر حکمت عملی بنائی جائے اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے اور اس حوالے سے کوئی حل نکالنے کے لئے سرتوڑ کوشش کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر فورم پر فلسطین کے معاملہ پر آواز بلند کی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا گیا، وزیراعظم کوپ29 کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے میڈیکل طلباء پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دو سو سے زائد میڈیکل سٹوڈنٹس پاکستان آ چکے ہیں،

وزیراعظم نے ان سے ملاقات بھی کی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر امدادی سامان غزہ بھجوایا گیا، اقوام عالم میں غزہ اور فلسطین کا معاملہ جس موثر طریقے سے اٹھایا گیا ہے یہ ہمارا فرض ہے۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، آذربائیجان ایسا ملک ہے جہاں پاکستانی جھنڈے لگے نظر آتے ہیں، وہاں کی عوام پاکستان کے بارے میں بڑے اچھے تاثرات رکھتی ہے، آذربائیجان دوست اور سٹریٹجک پارٹنر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار اپنی روش پر قائم ہے، تحریک انتشار صرف این آر او کے لئے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے، کوئٹہ میں ان سے بندے اکٹھے نہیں ہوئے تو بہانہ بنایا جارہا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا قومی ایشوز اور امن و امان کی صورتحال پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں،

صوبے میں امور نوجوانان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، تعلیمی نظام تباہ حال ہے، ان کا سارا فوکس محاذ آرائی، جلسے جلوسوں اور دھرنوں پر اور اپنے لیڈر کو جیل سے رہا کرنے کے لئے ہے۔ ان کے لیڈر پر کرپشن کے کیسز ہیں، اس کا انہیں ہر سطح پر جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے احتجاج کرنے والے اساتذہ کی بات سنی جانی چاہیے، ان کے مطالبات منظور کئے جانے چاہئیں، جب اساتذہ کوئی جلوس نکالتے ہیں اور اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں تو نہ صرف ان کو روکا جاتا ہے، ان پر تشدد کیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ احتجاج کرنا ان کا حق نہیں ہے، اساتذہ قوم کے معمار ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، یو اے ای کا وفد سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے، یو اے ای کے وفد کی وزیراعظم سے آج ملاقات ہوگی، وزیراعظم کی سرمایہ کاری پر بھرپور توجہ ہے، دونوں طرف سے ایم او یو پر دستخط ہوں گے، ہماری ترسیلات زر اکتوبر کے مہینے میں 3 ارب ڈالر رہیں جو بہت حوصلہ افزاء ہے، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر کی حد عبور کر گئے ہیں، پاکستان کی کرنسی اور معیشت دن بدن بہتری کی طرف جارہی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم ونٹر پیکج کے حوالے سے بہت بڑا اعلان کرنے جارہے ہیں،

مجموعی طور پر ملک میں ترسیلات زر، فارن ایکسچینج ریزرو بہتر ہوئے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے، اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ وزیراعظم کی معیشت کے حوالے سے پالیسی تھی کہ ٹیکس کولیکشن کو بہتر کیا جائے، ٹیکس نیٹ کو بہتر کیا جائے، ڈیجیٹائز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام جس طرح طے ہوا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوامی مقامات پر بدتمیزی ، گالم گلوچ تحریک انتشار کے حامیوں کا وطیرہ بن گیا ہے ، بدتمیزی کرنے کے بعد شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر معافیاں مانگ رہے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار صوابی میں جلسہ کر رہی ہے، وہ اپنے صوبے میں اپنے آپ سے کیا مطالبہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کے الیکشن کا نتیجہ26 ویں آئینی ترمیم پر مہر ہے۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے، تحریک انصاف چاہتی تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکلا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کوئٹہ، لاہور ، اسلام سنگجانی کا جلسہ ناکام ہوا، اب اپنے ہی حلقے کے لوگوں کو اکٹھا کرکے کیا مطالبہ کرنا چاہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ریاست کے معاملات فارن پالیسی کا حصہ ہوتے ہیں، پہلے بیانیہ بنایا گیا غلامی نامنظور اب شادیانے بجائے جارہے ہیں۔ ہمارے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، کسی ایک ملک سے ہمارا تعلق کسی دوسرے ملک کی قیمت سے نہیں ہے، پاکستان ترقی کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت ترقی کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں پر پیشرفت جاری ہے، کچھ کمپنیاں پاکستان آچکی ہیں، معاملات اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان دوستی لازوال ہے، دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، وزیراعظم نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، چینی سفارتکار سے ملاقات کی اور دو چینی باشندے جو زخمی ہوئے تھے اس پر تعزیت کی اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اور مضبوط شراکت داری اسی طرح آگے بڑھ رہی ہے جس طرح اسے آگے بڑھنا چاہیے، سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے، سی پیک فیز ٹو تیزی سے جاری ہے، تمام شعبوں میں ہمارا تعاون مزید آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ لے کر جیل گئے تو انہیں کہا گیا کہ یہ کیا لے کر آئے ہو، مجھے نکالو باہر ، ان کی جیل میں ڈانٹ ڈپٹ ہوئی۔ پی ٹی آئی والے پارٹی کے اندر ریفرنڈم کرالیں کہ وہ غلام ہیں یا نہیں

ایبسلوٹلی ناٹ ایک جھوٹا بیانیہ ہے۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی معیشت کو کیا فائدہ دیا؟ پاکستان میں کیا ریفارمز لے کر آئے؟ انہوں نے صرف سوسائٹی کو تقسیم کیا، نفرتیں اور تقسیم پیدا کی اس کے علاوہ ان کی کوئی خدمات نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آرہی ہے، پٹرول ، آٹا، بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں سستی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button