کھیلوں کی دنیا

پاکستان کا جاندار کم بیک ،آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں 9 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز1-1 سے برابر کر دی،حارث رئوف مین آف دی میچ قرار

صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف جاندار کم بیک کیا بلکہ تین میچوں کی سریز 1-1 سے برابر کر دی۔پاکستانی بائولرز حارث رئوف اور شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بائولنگ کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 35 ویں اوور میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

پاکستان کے حارث رئوف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، شاہین شاہ آفریدی 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔کینگروز کی جانب سے ملنے والا 164رنز کا ہدف پاکستان کی ٹیم نے 26ویں اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ صائم ایوب 82اور عبد اللہ شفیق ناقابل شکست 64 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوف کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان ایڈیلیڈ اوول، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ٹیم نے میچ کا اچھا آغاز کیا ، آسٹریلیا کی طرف سے میتھیو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بائولنگ اٹیک کیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب جیک فریزر میک گرک 13 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری اور میتھیو شارٹ کو 19رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی بال پر بابر اعظم نے کیچ آؤٹ کیا۔

بعد ازاں میزبان ٹیم کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش لیکن حارث رؤف نے اسے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے جوش انگلس کو 18 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 87 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی جب انہوں نے مارنس لبوشین کو 6 کے انفرادی سکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا ۔ سٹیو سمتھ آسٹریلیا کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 35 رنز بناکر فاسٹ بائولر محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئےاس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 101 رنز تھا۔ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 121 اور ساتویں وکٹ 129 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی۔

آرون ہارڈی 14 کے انفرادی سکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ گلین میکسویل کو 16 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ ہوئے۔ مچل سٹارک آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔کپتان پیٹ کمنز 13 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ایڈم زمپا آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جوش ہیزلووڈ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 164 رنز کا ہدف دیا۔میچ میں پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والا 164 رنز کا ہدف 26 ویں اوور کی تیسری گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کے واحد آئوٹ ہونے والے کھلاڑی صائم ایوب تھے جو 82 رنز بناکر ایڈم زمپاکی گیند پر جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ عبد اللہ شفیق ناقابل شکست 64 اور بابراعظم نے ناقابل شکست 15 رنز بنائے۔ یوں پاکستان کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو نہ صرف 9 وکٹوں سے ہرا دیا بلکہ سیریز میں 1-1 سے برابر کر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوف کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button