ٹاپ نیوز

شرپسند امن کی بحالی نہیں چاہتے، وزیراعلیٰ کے پی نے ڈی سی کرم پر فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ( کے پی) علی امین گنڈاپور نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔

لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے تھے تاہم فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرےسے باہر ہے لیکن صورتحال کے باعث کرم کے لیے آج روانہ ہونے والا پہلا قافلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے فائرنگ میں ڈی سی اور دیگر زخمیوں کی صحتیابی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرم امن معاہدے کے بعد اس طرح کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعہ کرم میں امن کیلئےحکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنےکی دانستہ اور مذموم لیکن ناکام کوشش ہے۔

انھوں نے کہا کہ کےپی حکومت کرم میں امن کی بحالی اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، فائرنگ میں ملوث عناصر کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی، واقعہ ان عناصر کی کارستانی ہے جو کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، ان عناصر کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، کےپی حکومت اور علاقے کے لوگ ملکر شرپسند عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے، کرم کےلوگ ان عناصر کی نشاندہی اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ کےپی کا مزید کہنا تھا کہ واقعے سےکرم میں امن کی بحالی کیلئے حکومت اور عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی اور کےپی حکومت عمائدین کے تعاون سے مکمل امن کی بحالی تک کوششیں جاری رکھےگی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button