سیالکوٹ، پاکستانی برآمد کنندگان معیاری مصنوعات کی بدولت بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ، نقاش احمد جٹ
سیالکوٹ کے معروف صنعتکار نقاش احمد جٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان معیاری مصنوعات کی بدولت بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ، پاکستان سے بیس بال کی برآمد سے ایکسپورٹ میں کئی سو گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سیالکوٹ سمیت پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں،پاکستان امریکا، جاپان اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کو بیس بال بیٹ ایکسپورٹ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نقاش سپورٹس پورے پاکستان میں آرمی ہیڈکوارٹرز، پولیس ہیڈکوارٹرز ، واپڈا ہیڈکوارٹرز، ریلوے ہیڈکوارٹرز سمیت مختلف محکموں کے لیے کام کر رہے ہیں، یہاں تک کہ مختلف سکولز، کالجز ، ایسوسی ایشنز اور فیڈریشنز کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں جو ہماری اپنے کام کے ساتھ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے واحد بیس بال بیٹ بنانے والے صنعتکار ہیں جو انٹرنیشنل سطح کے بیس بال بیٹ تیار کر رہے ہیں جن کے پاس پاک آرمی و پولیس سمیت دیگر اداروں اور ایسوسی ایشنز اور فیڈریشنز کے ایوارڈز موجود ہیں
جو اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ ہم ان کے معیار پر پورا اتر رہے ہیں کیونکہ ہم ایک ایک بیس بیٹ کی تیاری میں عالمی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے کام کو ہر جگہ سراہا بھی جاتا ہے۔