نجی شعبہ کو جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 266 فیصد اضافہ ہوا ،سٹیٹ بینک
نجی شعبہ کو جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 266 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کے مطابق جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران نجی شعبہ کو 1.907 ٹریلین روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کےپہلے 6ماہ میں جولائی تا دسمبر 2023کے دوران بینکاری کے شعبہ کی جانب سے نجی شعبہ کو 521 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 1386 ارب روپے یعنی 266.02 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ جون 2024 کے بعد سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں920پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں شرح سود 22 فیصد کے مقابلہ میں 13 فیصد کی نمایاں سطح تک کم ہوئی ہے۔
دوسری جانب دسمبر 2024 میں صارفین کے لئے قیمتوں کا حساس اعشاریہ گزشتہ 7 سال کےمقابلہ میں 4.1 فیصد کی انتہائی کم سطح پر آ گیا ۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران بینکوں کی جانب سے نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز (این بی ایف آئیز) کو 785 ارب روپے فراہم کئے گئے تھے ۔
حکومت کی جانب سے بینکوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ ایڈوانس ٹو ڈیپازٹس ریشو (اے ڈی آر) کو 50 فیصد تک بڑھایا جائے اور اس میں ناکامی کی صورت میں 15 فیصد انکریمینٹل ٹیکس نافذ کیا جائےگا جس کے بعد بینکوں کی جانب سے رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2024 کے دورن این بی ایف آئیز کو 1.354 ٹریلین روپے فراہم کئے گئے ہیں۔