وزیراعظم کسانوں کی خدمات اور ان کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں ،وفاقی وزیررانا تنویر حسین
وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سیکورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کسانوں کی خدمات اور ان کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں ،وزیراعظم پاکستان کسانوں کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم ستون سمجھتے ہیں، کسانوں کو جدید وسائل، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لئے حکومت پر عزم ہے۔ماحولیاتی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی ضروت ہے حکومت، نجی شعبے اور کسانوں کے باہمی تعاون کے ذریعے ہی ایک مضبوط زرعی نظام قائم کیا جا سکتا ہے ۔
"سلام کسان ڈے” کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب میں انہوں نے کسانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا، "کسان ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جو غذائی تحفظ، روزگار اور قومی ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔” وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کسانوں کی خدمات اور ان کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "وزیراعظم پاکستان کسانوں کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم ستون سمجھتے ہیں۔”
رانا تنویر حسین نے کسانوں کو جدید وسائل، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ماحولیاتی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور کسانوں کے باہمی تعاون کے ذریعے ہی ایک مضبوط زرعی نظام قائم کیا جا سکتا ہے۔ "اجتماعی کوششیں کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ رانا تنویر حسین نے آخر میں کسانوں کی انتھک محنت اور خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتی ہے۔