احسن اقبال کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس،کمپلیکس کے ڈیزائنز کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق وزیر برائے منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور چیئرمین سی ڈی اے کو چیئرمین ای او بی آئی سے مشاورت کا ٹاسک دیا گیا تاکہ ای او بی آئی کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے تجارتی پہلو میں شامل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے اور باہمی اتفاق رائے سے شرائط طے کی جا سکیں۔
اجلاس کے دوران گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کا ماسٹر پلان اور پی سی-II پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔وزارت قومی صحت خدمات، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن نے اجلاس کو بتایا کہ کہ ای او بی آئی کے چیئرمین سے ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے جس میں دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ پہلے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی کی جائے گی۔
اس کے بعد ای او بی آئی کی سرمایہ کاری اور تجارتی شمولیت کے حوالے سے تجاویز تیار کی جائیں گی۔آغا خان یونیورسٹی کے کنسلٹنٹس سی ڈی اے کو مقامی کنسلٹنٹس کے انتخاب میں معاونت فراہم کریں گے جو منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ سی ڈی اے نے مقامی کنسلٹنٹس کی خدمات کے لیے اظہار دلچسپی (ای او آئی) جاری کیا ہے جس کی حتمی درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔
کنسلٹنٹس انجینئرنگ ڈیزائن، بل آف کوانٹٹیز (بی او کیو)، منصوبے کی نگرانی اور کوالٹی کنٹرول کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے سی ڈی اے کے حکام کو ہدایت کی کہ کنسلٹنٹس کا کام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائنز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ یہ منصوبہ جدید تقاضوں کے مطابق ایک "سٹیٹ آف دی آرٹ” سہولت کے طور پر ابھرے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ای او بی آئی کو منصوبے کے سرمایہ کاری پلان میں شامل کیا جائے تاکہ مالی فوائد کو زیادہ سے زیادہ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے جس کا مقصد عوام کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا اور تحقیق و ترقی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہونا ہے۔