پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر)فیصل رسول لودھی نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں،دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر)فیصل رسول لودھی نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزسے ملاقات کی ۔ منگل کویہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزنے دونوں ممالک میں گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر ز و ر اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔جمہوریہ مالدیپ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی نے ایک تقریب میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں، یہ تقریب مالدیپ کے ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور انہیں مالدیپ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے ڈرم اور ٹرمپیٹ بینڈ کے ساتھ روایتی انداز میں ایوان صدر لایا گیا۔
اسناد پیش کرنے کے بعد ہائی کمشنر نے جمہوریہ مالدیپ کے صدر سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، پاکستانی ہائی کمشنر نے پرتپاک استقبال پر مالدیپ کے صدر کے ساتھ اظہار تشکر بھی کیا ۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ذوالقرنین احمد بھی ہائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ مالدیپ کے صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران چیف آف اسٹاف عبداللہ فیاض ، صدر کے پرنسپل سیکرٹری برائے خارجہ تعلقات محمد نصیر اور مالدیپ کی سیکرٹری خارجہ فاطمہ عنایا بھی موجود تھے ۔مالدیپ کے صدر نے فیصل رسول لودھی کو مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے عہدے پر تعیناتی کی مبارک باد دی ۔
ہائی کمشنر نےصدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزکے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا ۔مالدیپ کے صدر اور پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جو مذہبی وابستگی، مشترکہ ثقافت ، باہمی دلچسپی اور گہرے باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
صدر ڈاکٹر محمد معیزاور ہائی کمشنر نے تجارت، صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر محمد معیزنے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا