ٹاپ نیوز

حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے ، تین سا ل میں آئی ٹی برآمدات 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی وی آن گروپ کے وفد سے گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ، آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں، فائیو جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا حصول ممکن ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وی آن (VEON) گروپ کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں گروپ کے چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے ، آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں، دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کے لئے فائیو جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، فائیو جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کا حصول ممکن ہو سکے گا ۔ وزیراعظم نے پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وی آن کا ذیلی ادارہ جاز گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالےسے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔ وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم ملک بن چکا ہے ۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ،وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button