عالمی

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے بہاماس کی دولت مشترکہ کی گورنر جنرل کو اسناد سفارت پیش کر دیں

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کیریبیئن ملک بہاماس کی دولت مشترکہ کی گورنر جنرل سنتھیا پریٹ کو نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر کی حیثیت سے اپنی اسنادسفارت پیش کر دیں۔پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ضمن میں گزشتہ روز بہاماس کے دارالحکومت ناساؤ میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے باضابطہ طور پر اپنی اسناد پیش کیں۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اپنی اسناد پیش کرنے سے قبل اپنے ریمارکس میں کہا کہ بہاماس میں پاکستان کے ہائی کمشنر کی حیثیت سے یہ میری ترجیح اور اعزاز ہو گا کہ ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت اپنی توجہ بین الاقوامی تعلقات کو بڑھانے پر مرکوز کئے ہوئے ہے اور ہم بہاماس کو اس کوشش میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری خاص طور پر سیاحت، مالیاتی خدمات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دینے اور اپنی متعلقہ طاقتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اہم اقتصادی مواقع سے استفاد ہ کر سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ثقافتی، تعلیمی اور سماجی تبادلوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو نہ صرف ایک دوسرے کے بھرپور ورثے کے بارے میں ہماری سمجھ کو گہرا کرے گا بلکہ ہمارے شہریوں کے درمیان دوستی کے دیرپا رشتے کو بھی مضبوط کرے گا۔

پاکستانی سفیرنے کہا کہ کیریبین کمیونٹی ( سی اے آر آئی سی او ایم ) میں بہاماس کی فعال شرکت نے اسے علاقائی بلاک کے ساتھ اپنی روابط کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے لیے ایک اہم لنک کے طور پر رکھا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور اقتصادی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سی اے آر آئی سی او ایم کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور تجارت اور ٹیکنالوجی جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو دیکھتا ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور کمزور ممالک کے لیے معاشی اور مالیاتی نظام کی حمایت کرنے کے لیے سمال آئی لینڈ ڈویلپنگ سٹیٹس (ایس آئی ڈی ایس ) گروپ کے ساتھ مل کر کام کیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی امیدواری کی حمایت پر بہاماس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے نشاندہی کی کہ کثیرالجہتی تنظیموں میں باہمی تعاون نے دونوں ممالک کے لیے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ اس موقع پر بہاماس کی دولت مشترکہ کی گورنر جنرل سنتھیا پریٹ نے پاکستانی سفیر کی نان ریزیڈنٹ ہائی کمشنر کی حیثیت سے اسناد کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ بہاماس پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، اس کی متنوع روایات اور لوگوں کے غیر معمولی عزم و حوصلے کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاماس علاقائی استحکام اور عالمی امن کی کوششوں میں پاکستان کی اہم شراکت کو تسلیم کرتا ہے۔

گورنر جنرل نے مزید کہا کہ بہاماس امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے راستے تلاش کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان کی قیادت کے جذبات کا جواب دیتے ہوئے، جیسا کہ پاکستانی سفیر نے پہنچایا، گورنر جنرل نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام لئے تہنیتی پیغام دیا ۔

قبل ازیں مسعود خان نے بہاماس کی قائم مقام وزیر اعظم اور وزیر تعلیم اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت گلینیز مارگریٹ ایلین ہانا مارٹن اور وزیر خارجہ فریڈرک مچل ایم پی سے بھی ملاقات کی اور اپنے لیٹر آف کریڈنس کی کاپی پیش کی۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے مستقل سیکرٹری میلون سیمور اور ڈائریکٹر جنرل جیروسا علی بھی موجود تھے۔ سفیر نے بہاماس ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (بی ٹی سی ) کے سی ای او پاکستانی نژاد بہامین سمیر بھٹی سے بھی ملاقات کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button