ٹاپ نیوز

ملک سے تمباکو نوشی کے مکمل خاتمہ کیلئے تمباکو کی پیداوار اور استعمال کو کم کرنا ہو گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے تمباکو کے استعمال کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے ہیں، ملک سے تمباکو نوشی کے مکمل خاتمہ کیلئے تمباکو کی پیداوار اور استعمال کو کم کرنا ہو گا۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن ہم سب کے لئے صحت عامہ پر تمباکو نوشی کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں سے متعلق ایک یاددہانی ہے، انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کا اس سال کا موضوع “تمباکو کی صنعت کے اثرات سے بچوں کا تحفظ” ہے جو کہ تمباکو نوشی میں کمی کو یقینی بنا کر ہماری آنے والی نسلوں کے تحفظ فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی نہ صرف ان افراد کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے جو اسے استعمال کرتے ہیں بلکہ تمباکو نوشی کرنے والوں کے قریبی لوگوں کی صحت کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان 15ممالک میں ہوتا ہے جہاں ایک بڑی تعداد میں لوگ تمباکو نوشی سے متاثر ہیں اور تمباکو نوشی کے باعث کینسر، قلبی امراض، ذیابیطس اور سانس کی دائمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں،

حکومت نے تمباکو کے استعمال کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے ہیں جن میں سگریٹ کے ڈبوں پر تمباکو نوشی کے صحت پر مضر اثرات کے سے مثعلق وارننگز لگانا، کھلے سگریٹوں کی فروخت پر پابندی، پوائنٹ آف سیل پر سگریٹ کے اشتہارات پر پابندی اور تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تمباکو نوشی کے مکمل خاتمے کے لئے تمباکو کی پیداوار اور استعمال دونوں کو کم کرنا ہوگا، اس حوالے سے تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لئے سگریٹ پر ہم نے ٹیکس کو 150 فیصد تک بڑھایا دیا ہے ۔ مزید برآں تمباکو اور سگریٹ کی ہر قسم کی تشہیر بشمول قومی ٹی وی، ریڈیو، پرنٹ میڈیا، بل بورڈز، پوائنٹ آف سیل ایڈورٹائزنگ ممنوع ہے، سگریٹ کمپنیوں کی سپانسر شپ اور اس طرح کی سپانسر شپ کی تشہیر پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سول سوسائٹی، پیشہ وارانہ انجمنوں، غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارے معاشرے سے اس لعنت کے خاتمے کے لئے ہماری قومی کوششوں میں تعاون کریں، تمباکو نوشی کو مسترد کر کے ہم ایک صحت مند اور زیادہ خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ “سگریٹ نوشی کو نہ” کہنے کا عزم کریں اور تمباکو سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button