ٹاپ نیوز

وزیراعظم شہبازشریف کا آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اظہار اطمینان

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کےجاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نےآئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے جاری ہونے پر اطمینان کااظہار کیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ۔ 2016 میں میرے قائد نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسر ا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے ۔ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے ۔ قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسی جذبے سے درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو قرض سے نجات اور معاشی خوش حالی کا دور بھی جلد آئے گا ۔وزیراعظم نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button