قومی

بلوچستان کے مشکل حالات میں الیکشن کے پرامن انعقاد کے ساتھ ساتھ مفادعامہ کے کام ہمیشہ یادرکھیں جائینگے، نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے مینڈیٹ کے ساتھ ساتھ روز مرہ سرکاری معاملات اور امور کی انجام دہی کے لیے نگراں صوبائی حکومت کو جو ذمہ داری سونپی گئی اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری تندہی سے کام کیا گیا ۔بلوچستان کے مسائل اور حالات دیگر صوبوں سے بالکل ہی مختلف ہیں جس کا موازنہ کسی بھی طرح ملک کے دیگر صوبوں سے نہیں کیا جا سکتا ۔

دور افتادہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی آبادی تک صحت تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر بحالی امن کا قیام کسی بھی چیلنج سے کم نہیں تھا ، نگراں صوبائی حکومت نے الیکشن جیسی ملک گیر سرگرمی کے انعقاد کے ساتھ ساتھ زیر التواء منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے عوام کی مشکلات اور مسائل کم کرنے کے لئے کلیدی کردار ادا کیا اس تمام تر عمل میں سئنیر اور محنتی افسران کا تعاون حاصل رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بلوچستان کے تمام محکموں کے سیکرٹریز اور آئی جی پولیس بلوچستان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام تر غیر معمولی حالات میں نگراں صوبائی حکومت نے جہاں ایک طرف پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا وہاں ہر فورم پر بلوچستان کے حقوق کا دفاع کیا گیا نگراں حکومت نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج، سیلاب متاثرہ اضلاع میں بحالی منصوبوں ، ذرائع مواصلات و سمیت زیر التواء عوامی نوعیت کے اجتماعی منصوبوں کو مختصر مدت میں مکمل کیا ہم نے کوشش کی جس حد تک ممکن ہو سروس ڈلیوری کے نظام کو بہتر بنا کر عوام کو ممکنا ریلیف دیا جائے نگران وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے اس لئے اس صوبے اور سرزمین کے لئے ہم سب نے سوچنا ہے ہمیں اپنی سمت کا تعین ازسر نو کرنا ہوگا اب وقت آگیا ہے کہ ہم غلط کو غلط اور درست کو درست کہنے کی جرات پیدا کریں

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے عوامی مفادات کا تحفظ ان رہنماء اصولوں پر گامزن ہوکر کرنا ہے جس کا آپ کو اختیار حاصل ہے کوشش ہونی چائیے کہ عام آدمی کے مسائل کے حل اور بلوچستان کی ترقی کے لئے خلاف ضابطہ امور کو روکا جائے انہوں نے کہا کہ روایتی سسٹم کا حصہ بن کر سسٹم کو چلتے دینا تو معمول کی بات ہے تاہم اس سسٹم میں رہ کر مثبت اور اجتماعی کردار ادا کرنے والے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ، نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے میں پر امن الیکشن کے انعقاد، پائیدار قیام امن، زیر التواء منصوبوں کی تکمیل سمیت مفاد عامہ کے امور میں افسران کے مثبت کردار کو سراہا اس موقع پر حکومت بلوچستان کے سئنیر افسر دوستین خان جمالدینی نے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی سربراہی میں قائم نگراں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مشکل ترین حالات میں نگراں صوبائی حکومت نے الیکشن کے پرامن انعقاد کے ساتھ ساتھ مفاد عامہ کے جو امور سر انجام دئیے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر قیادت تمام صوبائی محکموں نے فعالیت سے کار سرکار کی انجام دہی کی اور اجتماعی نوعیت کے عوامی منصوبوں کو مکمل کرتے ہوئے عوام کو درپیش مشکلات کو کم کیا نگراں حکومت کے اس مختصر دورانیے میں اٹھائے جانے والے ان تاریخی اقدامات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت نے محکمہ پولیس کو بحالی امن کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی سی ٹی ڈی کے لئے زیر التواء خصوصی الاؤنس، طبی سہولیات سے متعلق زیر التواء منصوبے کو مکمل کرکے اسپتال فعال کیا گیا،

قیام امن سے متعلق مطلوبہ وسائل بروقت فراہم کئے گئے جس کی بدولت پولیس نے الیکشن سمیت عمومی حالات میں فعال کردار ادا کیا نگراں حکومت میں وزیر اعلٰی سمیت نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہیں کی گئی امن و امان کی چیلنجنگ صورتحال میں نگران وزیر اعلٰی بلوچستان نے پولیس کو مکمل انتظامی معاونت فراہم کرتے ہوئے بہترین لیڈرشپ کا عملی مظاہرہ کیا جس سے مشکل ترین حالات میں فورس کا مورال بلند رہا اور انتخابی عمل کے دوران بحالی امن کو یقینی بنایا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button