قومی

پرویز شوکت مرحوم نے ہمیشہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کیلئے آواز بلند کی، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا سینئر صحافی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سینئر صحافی پرویز شوکت مرحوم نے اپنے چار دہائیوں پر محیط صحافتی دور میں ہمیشہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لئے آواز بلند کی، میڈیا ورکرز کے لئے مرحوم کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ٹیکنالوجی کی تبدیلی سے نئے رجحانات سامنے آ رہے ہیں، عوام کے جاننے کا حق صحافت ہے، مستقبل کا میڈیا ڈیجیٹل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے زیر اہتمام پی ایف یو جے ورکرز کے صدر، ایپنک کے سابق چیئرمین سینئر صحافی پرویز شوکت مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرویز شوکت نے اپنے چار دہائیوں پر محیط صحافتی دور میں ہمیشہ میڈیا ورکرز کے معاشی حقوق کے لئے آواز بلند کی، وہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی مضبوط آواز تھے، میڈیا ورکرز اور صحافت کے شعبہ میں ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز شوکت ایک اچھے اور مخلص انسان تھے، انہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جنگ لڑی، مرحوم نے ایک عظیم ورثہ چھوڑا ہے جسے ان کے ساتھی قائدین کو آگے بڑھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پرویز شوکت مرحوم کی کامیابیوں پر رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز شوکت کے انتقال سے پریس اور میڈیا انڈسٹری میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹیکنالوجی تبدیل ہو رہی ہے اور نئے رجحانات سامنے آ رہے ہیں جن میں کچھ مثبت اور کچھ منفی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، وائس کلوننگ، ڈس انفارمیشن، پروپیگنڈا کے دور میں میڈیا ورکرز کے حقوق اور معاشی مستقبل کا تحفظ کرنا ایک مشکل کام ہے جس پر کمیونٹی کے طور پر ہمیں سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مشن اور عوام کے جاننے کا حق ہے، اس حق کے لئے لڑنا بھی صحافت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کا میڈیا ڈیجیٹل ہے، میڈیا کے اندر گیٹ کیپر کا نظام لازمی جزو کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں اس نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اگر یہ نظام ختم ہو گیا تو صحافت بھی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے ڈیجیٹل اداروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مستقبل کے ٹیکنالوجی کے عالمی رجحانات کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز شوکت مرحوم نے اپنے دور کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا دفاع کیا، آج انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا یہی بہترین طریقہ ہے کہ ہم ان معاملات پر سنجیدگی سے سوچیں اور موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے آگے بڑھیں۔ تعزیتی ریفرنس میں سینئر سیاستدان فرحت اللہ بابر، وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button