کھیلوں کی دنیا

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور بنگلہ دیش نے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز، نیپال اور بنگلہ دیش نے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی، ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ، نیپال نے افغانستان اور بنگلہ دیش نے امریکہ کو شکست سے دوچار کیا۔ جمعہ کے روز پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 2 وکٹوں اور نیپال نے افغانسان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

انگلش انڈر 19 ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 192 رنز پر آئوٹ ہوگئی، حمزہ شیخ 54 اور نوح تھین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ویسٹ انڈیز کی طرف سے نیتھن ایڈورڈ نے 3 جبکہ تھورنے، سمتھ اور ایڈورڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کا 193 رنز کا مقررہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 41 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، کپتان سٹیفن پاسکل نے 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نیتھن ایڈورڈ 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ایڈورڈ کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

انڈر 19 ورلڈ کپ گروپ ڈی کے میچ میں نیپال نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی، افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.1 اوورز میں 145 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، اے ایم غضنفر 37، کپتان نصیر خان معروف خیل 31 اور فریدون 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نیپال کی طرف سے آکاش چاند نے 34 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نیپال نے افغانستان کا 146 رنز کا بظاہر آسان نظر آنے والا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 44.4 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان دیو کھانال نے 58 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا، دیپک بوہرہ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغانستانی بائولر فریدون نے 3، خلیل احمد اور نصیر خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیپال کے آکاش چاند کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بلوم فونٹین میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں بنگلہ دیش نے امریکہ کو 121 رنز سے شکست دے دی، بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، عارف الاسلام نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 103 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، احرار امین 44، ایم ڈی رضوان 35 اور محمد شہاب جیمز 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ امریکہ کے آریا گارج نے 3، آریان ندکارنی نے 2، سبرامنیم اور پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو ایس اے کی ٹیم 47.1 اوور میں 170 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنر پرانوو چتی پلایم 57 اور اتکرش سریواستو 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بنگلہ دیشی بائولر محفوظ الرحمان ربی نے 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، اقبال حسین، شیخ پیویز، محمد رفیع اور عارف الاسلام نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ عارف الاسلام کو شاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button